20

چینی صدر کا پاکستان کی علاقائی سالمیت کیلئے بھرپور تعاون کے عزم کا اظہار، اعلامیہ جاری

بیجنگ: وزیراعظم عمران خان نے چین کے صدر شی جن پنگ سے ملاقات میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت سے آگاہ کیا، انہوں نے کہا کہ دو ماہ سے لاکھوں کشمیریوں کے مسلسل لاک ڈاؤن نے انسانیت سوز صورتحال پیدا کر رکھی ہے، وزیراعظم نے خطے میں امن و سلامتی کے خطرات سے بچنے کیلئے فوری طور پرکرفیو اٹھانے پر زور دیا۔ صدرشی جن پنگ نے پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لئے بھرپور تعاون کے عزم کا اظہار کیا۔

وزیراعظم عمران خان اور چینی صدر کی ملاقات کا اعلامیہ جاری، دونوں رہنماوں کے مابین باہمی امور سمیت عالمی مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اعلامیہ کے مطابق دونوں ممالک کے مابین تعلقات مزید مضبوط اور اور وسیع تر کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ صدر ژی جن پنگ نے سی پیک منصوبوں میں تیزی لانے پر پاکستان کی کوششوں کو سراہا، انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے سے قومی اور علاقائی معاشی ترقی کے عمل میں مدد ملے گی۔ چینی صدر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی، انہوں نے کہا کہ معاشی اصلاحات کے ذریعے پاکستان مستحکم معاشی ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مستحکم افغانستان کے خطے کی معاشی ترقی میں کردار پر دونوں رہنماوں نے اتفاق کیا، افغانستان میں قیام امن کے لیے مزید حمایت جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ پاکستان اور چین کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون پر اظہار اطمینان اور دونوں ممالک کے مابین اعلی سطحی روابط کے مزید فروغ پر بھی دونوں رہنماوں نے مہر تصدیق ثبت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں