24

بلوچستان پولیس پھر نشانہ ، لورالائی میں ایگل سکواڈ پر حملہ، اہلکار شہید، 3 زخمی

لورالائی: بلوچستان کے ضلع لورالائی میں دھماکا ہوا ہے، دھماکے میں ایک سکیورٹی اہلکار شہید جبکہ تین زخمی ہو گئے ہیں۔

بلوچستان کے ضلع لورالائی میں کوئٹہ روڈ پر زراعت کالونی کے قریب دھماکا ہوا، دھماکے میں پولیس ایگل سکواڈ کا اہلکار شہید ہوا۔ دھماکے میں تین اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق یہ دھماکا خود کش تھا جبکہ سکیورٹی اہلکاروں نے دوسرے حملہ آور کو ہلاک کر دیا۔ ایگل فورس دو خود کش حملہ آوروں کا پیچھا کر رہی تھی، دھماکے کے بعد پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری تعداد جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہے اور کوئٹہ روڈ کو ایف سی، لیویز نے گھیرے میں لے رکھا ہے۔

دوسری طرف وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے لورالائی دھماکے پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور متعلقہ اداروں سے دھماکے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔

یاد رہے کہ ہفتے والے دن بلوچستان کے ضلع قلعہ سیف اللہ کے علاقے چمن میں دھماکا ہوا تھا، دھماکے میں 3 افراد شہید ہو گئے تھے، شہید ہونیوالوں میں جے یو آئی (ف) کے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری مولانا محمد حنیف بھی شامل تھے جبکہ دھماکے میں 20 افراد زخمی ہو گئے تھے۔

چمن میں ہونیوالا دھماکا خیز مواد موٹر سائیکل میں نصب تھا۔ دھماکے کی وجہ سے ایک گاڑی کو نقصان پہنچا۔ دھماکے کے باعث قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے، دھماکے کا نشانہ جے یو آئی (ف) کے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری رہنما مولانا محمد حنیف تھے جو زخمی کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں