34

سعودی قیادت کا مقبوضہ جموں و کشمیرکی صورتحال پر اظہار تشویش

ریاض: سعودی قیادت نے مقبوضہ جموں و کشمیرکی صورتحال پر تشویش کا اظہار کر دیا۔ سعودی قیادت نے کشمیر کاز کیلئے مکمل حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے مقبوضہ کشمیر میں کرفیو اور پابندیاں فوری ہٹانے پر زور دیا۔

پاکستان اور سعودی عرب نے امن و سلامتی اور مسئلہ کشمیر کے پر امن حل کیلئے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا، دونوں ملکوں نے دو طرفہ تجارت، توانائی، سرمایہ کاری کے عزم کا اعادہ کیا۔ سعودی قیادت نے دو طرفہ تعلقات کو حقیقی بھائیوں کا تعلق قرار دیا۔

پاکستان نے سعودی آئل تنصیبات پر حملے کی مذمت کی۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا سعودی ولی عہد کے دورہ سے دو طرفہ تعلقات مضبوط ہوئے، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال بدتر ہے، غیر قانونی اور یکطرفہ بھارتی اقدام سے امن کو شدید خطرات ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ 46 روز سے 80 لاکھ کشمیریوں کا لاک ڈاؤن جاری ہے، مسئلہ کشمیر سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیئے، کشمیر کاز کیلئے او آئی سی کی مسلسل حمایت نہایت اہم ہے، پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات اعتماد، باہمی تعاون پر مبنی ہیں، سعودی عرب میں کثیر تعداد میں پاکستانی مقیم ہیں۔

عمران خان نے پاکستان کوروڈ ٹو مکہ منصوبے میں شامل کرنے پر شکریہ ادا کیا اور منصوبے کو پاکستان کے دوسرے بڑے شہروں تک لے جانے کی امید کا اظہار کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں