89

پاک فوج کے جوان ہماری حفاظت کے لیے جو قربانیاں دے رہے ہیں وہ ناقابل فراموش ہیں راجہ محمد فاروق حیدر

برسلز ( اے ایف بی)وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے پاک سرزمین کی حفاظت کرتے ہوے لائن آف کنٹرول پر شہید ہونیوالے حوالدار منظور عباسی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوے کہا ہے کہ پاک فوج کے جوان ہماری حفاظت کے لیے جو قربانیاں دے رہے ہیں وہ ناقابل فراموش ہیں سیز فائر لائن کے دونوں اطراف بسنے والے کشمیری پاک فوج کو اپنی فوج سمجھتے ہیں اور یہ جوان ہمارے اصل ہیرو ہیں جو ہماری حفاظت کے لیے اپنی جانیں دے رہے ہیں۔وزیراعظم نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔انہوں نے لائن آف کنٹرول پر ہندوستانی فوج کی جانب سے معصوم شہریوں پر بلا اشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر اور لائن آف کنٹرول پر ہندوستانی افواج کو معصوم شہریوں پر نشانہ بازی کی مشق سے باز رکھیں۔پاک فوج کبھی سول آبادی کو نشانہ نہیں بناتی لیکن ہندوستانی فوج چھوٹے بچوں عورتوں اور بزرگوں سکول ایمبولینس کو بھی نشانہ بناتی ہے جس پر اقوام عالم بالخصوص یورپین ممالک کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔راجہ محمدفاروق حیدرخان نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ہندوستانی مظالم میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے نوجوانوں کی ماورائے عدالت شہادتیں ہورہی ہیں جبکہ چھ ماہ کے بچے سے لیکر اسی سالہ خواتین بھی ہندوستانی بربریت سے محفوظ نہیں۔انہوں نے کہاکہ ہندوستان نے اپنی قابض افواج کو کشمیریوں کی نسل کشی کی کھلی چھوٹ د ے رکھی ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں جو انسانیت سوز مظالم ڈھائے جارہے ہیں ان کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ انہوںنے کہاکہ پاک افواج ہماری عصمتوں کی محافظ ہے۔ لائن آف کنٹرول کے دونوں اطراف بسنے والے کشمیری اسے اپنی فوج سمجھتے ہیں جبکہ ہندوستانی فوج کشمیریوں کےلئے نفرت کی علامت ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں