95

چیئرمین سینیٹ کیخلاف اپوزیشن کی تحریک کی ناکامی نوشتہ دیوار ہے: وزیر اعلی پنجاب

لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ چیئرمین سینیٹ کیخلاف اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کی ناکامی نوشتہ دیوار ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اپنے ایک بیان میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے ساتھ تھی، ہے اور رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں میں صادق سنجرانی کو چیئرمین سینیٹ کے عہدے سے ہٹانے کا دم خم نہیں، ان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر اپوزیشن جماعتوں کو منہ کی کھانا پڑے گی۔

وزیر اعلی پنجاب نے اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کو منفی ہتھکنڈوں سے توبہ کر لینی چاہیے، یہ صرف  انتشار اور افراتفری کی سیاست کی علمبردار جماعتیں ہیں جو ذاتی ایجنڈے لےکر چل رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جمہوری ملکوں میں اپوزیشن کا کردار انتہائی اہم ہوتا ہے لیکن بدقسمتی سے پاکستان میں اپوزیشن جماعتوں نے ہر موقع پر منفی سیاست کو پروان چڑھایا ہے۔

وزیر اعلی پنجاب کا اپنے بیان میں یہ بھی کہنا تھا کہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو ایوان میں اکثریت کی حمایت حاصل ہے اور اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کی ناکامی نوشتہ دیوار ہے۔


دوسری جانب وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے ٹیلی فون پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے ساتھ کھڑی ہے، جس طرح وہ ایوان چلا رہے ہیں اس کی مثال نہیں ملتی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں