9

ہم سب جیل میں ہیں، عمران خان اب تو کچھ کرکے دکھائیں: حمزہ شہباز

لاہور: پنجاب اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت کا خانہ عقل سے خالی ہے۔ ڈالر کی قیمت گر رہی ہے جبکہ سٹاک مارکیٹ بھی گراوٹ کا شکار ہے۔ معیشت کی بہتری کیلئے عقل اور ویژن کی ضرورت ہے۔

تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز شریف نے پروڈکشن آرڈر جاری ہونے پر پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ میرے خلاف کچھ ثابت ہو تو سیاست چھوڑ دوں گا۔ ہم سب جیل میں ہیں، اب تو عمران خان کچھ کرکے دکھائیں۔

مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز پروڈکشن آرڈر پر پنجاب اسمبلی پہنچے تو لیگی ممبران پارلیمنٹ نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ انسان کو ہرحال میں اللہ کا شکر ادا کرنا چاہیے، حالات کا شکوہ کمزور لوگ کرتے ہیں، عوام سے وعدہ ہے کہ جب تک سیاست کروں گا ایمانداری سے کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ مجھے اپنی فکر نہیں، معیشت کی کشتی ڈوب رہی ہے، قرضوں کا بوجھ بڑھ رہا ہے، آنے والے ہفتے اور مہینے مشکل بن کر عوام پر گریں گے۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ پاکستان کی اکہتر سالہ تاریخ میں ایسے معاشی چیلنجز کا کبھی سامنا نہیں رہا۔ جب ملک کی معیشت خراب ہو تو دشمن کو سازش نہیں کرنی پڑتی۔ ڈالر گر رہا ہے اور سٹاک مارکیٹ بھی گراوٹ کا شکار ہے۔ حکومت کا خانہ عقل سے خالی ہے۔ معیشت کے لیے عقل اور ویژن کی ضرورت ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں