35

اسکاٹ لینڈ یارڈ نے ایم کیو ایم کے بانی الطاف حسین کو گرفتار کرلیا

لندن: اسکاٹ لینڈ یارڈ نے ایم کیو ایم کے بانی الطاف حسین کو نفرت انگیز تقاریر کے الزام میں لندن میں گرفتار کرلیا۔

اسکاٹ لینڈ یارڈ نے صبح سویرے بانی ایم کیو ایم کےگھر پر چھاپہ مارا اور انہیں گرفتار کر کے مقامی پولیس اسٹیشن منتقل کر دیا۔

میٹرو پولیٹن پولیس نے اپنے بیان میں بتایا کہ گرفتار شخص کا تعلق پاکستان کی سیاسی جماعت متحدہ قومی موومنٹ سے ہے اور اس کی عمر 60 سال سے زائد ہے۔

اسکاٹ لینڈ یارڈ کے شمالی لندن میں چھاپے میں 15 پولیس افسران نے حصہ لیا اور اس وقت الطاف حسین کے گھر کی تلاشی لی جارہی ہے۔

اسکاٹ لینڈ یارڈ کی ٹیم ایم کیو ایم سیکرٹریٹ بھی پہنچ گئی اور وہاں موجود ریکارڈ کی چھان بین شروع کردی۔

یاد رہے کہ الطاف حسین نے 22 اگست 2016 کو لندن سے بذریعہ ٹیلیفونک خطاب کے دوران ریاست مخالف تقریر کی تھی جس کی تحقیقات کے لیے اسکاٹ لینڈ یارڈ کی ٹیم بھی پاکستان آئی تھی۔

بانی ایم کیو ایم کی تقریر کے خلاف مختلف مقدمات عدالتوں میں زیرسماعت ہیں جس میں فاروق ستار سمیت دیگر کئی رہنما نامزد ہیں۔

الطاف حسین کی حوالگی کیلئے انٹرپول سے رابطے کا کوئی ارادہ نہیں: وفاقی وزیر داخلہ

وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے بانی ایم کیو ایم کی گرفتاری پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کے دوران کہا کہ الطاف حسین کو برطانوی اداروں نے گرفتار کیا ہے، انہیں خود تفتیش کرنے دیں۔

اعجاز شاہ نے کہا کہ بانی ایم کیو ایم لندن میں گرفتار ہوئے، ہمارا اس سے کیا تعلق، وہ برطانوی شہری ہیں، کس نے کہا پاکستانی ہیں۔

انہوں نے صحافیوں کو مشورہ دیا کہ الطاف حسین سے متعلق مزید معلومات کے لیے اسکاٹ لینڈ یارڈ سے رابطہ کریں۔

وفاقی وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ بانی ایم کیو ایم کی حوالگی کے لیے انٹرپول سے رابطہ کرنے کا فی الحال کوئی ارادہ نہیں ہے۔

دوسری جانب ذرائع کہنا ہے کہ الطاف حسین کی لندن میں گرفتاری تین سال پہلے پاکستان کے فائل کردہ کیس پر ہوئی۔

ذرائع  کے مطابق حکومت پاکستان بھی 3 سال سے تحقیقات کر رہی تھی، کیس میں ایم کیو ایم پاکستان، ایم کیو ایم لندن کے بھی چار لوگ نامزد تھے اور مجموعی طور پر 11 لوگوں کے ا نٹرویوز کیے گئے۔

ذرائع کہنا ہے کہ  تمام شواہد حکومت پاکستان پہلے ہی برطانوی حکومت سے شیئر کرچکی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کی گرفتاری سے متعلق پاکستان کو باقاعدہ آگاہ کردیا گيا ہے اور امکان ہے کہ ایف آئی اے کی ٹیم دو ہفتوں میں برطانیہ جائے گی۔

ذرائع کے مطابق ایف آئی اے پاکستان کی جانب سے لندن میں بانی ایم کیو ایم تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کرے گی اور حوالگی کی درخواست بھی دیئے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق اسکاٹ لینڈ یارڈ ٹیم نے گذشتہ ماہ دورہ پاکستان میں اہم معلومات شيئر کی تھیں اور پاکستان کو آگاہ کردیا تھا بہت جلد بڑی پیش رفت ہونے والی ہے۔ 

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں