53

دنیا بھر میں کہاں کہاں آج عیدالفطر منائی جارہی ہے؟

ریاض: سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک میں آج عیدالفطر منائی جارہی ہے۔

گزشتہ روز سعودی سپریم کورٹ نے شوال کا چاند نظر آنے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد ملک بھر میں آج عید منائی جارہی ہے۔

مسجدالحرام میں نماز عیدالفطر کا عظیم الشان اجتماع ہوا جس میں خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز ، لبنانی رہنما سعد حریری سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

خلیجی ریاست متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں بھی آج عیدالفطر منائی جارہی ہے، تمام ریاستوں میں عید گاہوں اور مساجد میں نماز عید کے اجتماعات ہوئے اور سب سے بڑا اجتماع ابوظہبی کی شیخ زاید مسجد میں ہوا۔

عراق، کویت، بحرین سمیت دیگر خلیجی ممالک میں بھی آج عید منائی جارہی ہے، عیدالفطر کے موقع پر مساجد میں بڑے اجتماعات کا اہتمام کیا گیا جس میں امت مسلمہ کی سلامتی اور دنیا میں امن قائم رہنے کے لیے دعائیں کی گئیں۔ 

پڑوسی ملک افغانستان میں بھی آج عید الفطر منائی جا رہی ہے جب کہ بھارت کے چند علاقوں میں شوال کا چاند نظر آنے کا اعلان کیا گیا ہے جس کے بعد بھارت میں دو عیدیں منائی جائیں گی۔ 

بھارتی میڈیا کے مطابق ملک کے چند علاقوں میں لوگ عید منا رہے ہیں ، سرکاری سطح پر بھارت میں عید کے چاند کا کوئی اعلان سامنے نہیں آیا ہے۔

انڈونیشیا، جاپان، ملائیشیا، آسٹریلیا اور تھائی لینڈ میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا تاہم عیدالفطر کل ہوگی۔

برطانیہ میں اس سال بھی دو عیدیں منائی جارہی ہیں جس میں پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد کل عید منائے گی جب کہ کینیڈا اور امریکا میں بھی دو عیدیں منائی جارہی ہیں۔ 

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں