74

انڈین نیوی میں جونیئر کو بحریہ کا نیا سربراہ بنانے کا معاملہ عدالت پہنچ گیا

نئی دہلی: بھارتی نیوی میں جونیئر کو بحریہ کا نیا سربراہ مقرر کیے جانے کا معاملہ عدالت پہنچ گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق وائس ایڈمرل بمل ورما جونیئر وائس ایڈمرل کرم بیر سنگھ کو بحریہ کا نیا سربراہ بنائے جانے کے حکومتی فیصلے کیخلاف میدان میں آ گئے ہیں۔ سنیارٹی کی جنگ میں بمل ورما ایک بار پھر آرمڈ فورسز ٹریبونل (اے ایف ٹی) کا دروازہ کھٹکھٹانے والے ہیں۔

بھارتی نیوی کے سینئر رہنما بمل ورما کے وکیل انکور چھبر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تازہ پیش رفت کے مدنظر ہم اے ایف ٹی میں نئی درخواست پیش کریں گے اور امید ہے جلد سماعت ہو جائے گی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ تنازعہ اس وقت پیدا ہوا جب 23 مارچ کو بی جے پی کی حکومت نے نیوی افسر بمل ورما کی سنیارٹی کو نظر انداز کرتے ہوئے اعلان کیا کہ ایڈمرل سنیل لامبا کی سبکدوشی کے بعد وائس ایڈمرل کرم بیر سنگھ بھارتیہ بحریہ کی کمان سنبھالیں گے۔ ایڈمرل لامبا 31 مئی کو اپنے عہدے سے سبکدوش ہو رہے ہیں۔

یاد رہے کہ بھارتی وزارت دفاع نے وائس ایڈمرل کرم بیر سنگھ کو بھارتی بحریہ کا نیا سربراہ مقرر کرنے کے نریندر مودی حکومت کے فیصلے کو چیلنج کرنے والی ورما کی عرضی تین روز قبل مسترد کردی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں