8

گلوکارہ ہیر سنگھار کو کینسر، حکومت نے علاج کی یقین دہانی کرا دی

لاہور: (کلچرل رپورٹر) صوبائی وزیر اطلاعات اور ثقافت صمصام بخاری نے کینسر کی شکار گلوکارہ ہیر سنگھار کا علاج معالجہ کرانے کی یقین دہانی کرا دی ہے۔

گلوکار ناصر بیراج نے کینسر کی شکار گلوکارہ ہیر سنگھار کے علاج معالجہ اور مالی مدد کی درخواست وزیر اطلاعات و ثقافت صمصام بخاری کو ان کے آفس میں دی۔

وزیر اطلاعات وثقافت پنجاب نے ہیر سنگھار کا علاج کرانے کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ وہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ملاقات میں ہیر سنگھار کی درخواست دیں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں اداکارہ میگھا نے بھی ہیر سنگھار کو ان کا حق دلانے کا اعلان کرتے ہوئے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ تھا کہ وہ ان دنوں کینسر جیسے موذی مرض کے ساتھ نبرد آزما ہے۔

اس کے علاوہ دیگر فنکار برادری نے بھی گلوکارہ ہیر سنگھار کے علاج کیلئے حکومت سے مدد کی اپیل تھی۔ فنکار برادری نے ہیر سنگھار کے علاج کیلئے وزیراعظم اور چیف جسٹس آف پاکستان سے مدد کی اپیل کی۔

فنکاروں کا کہنا تھا کہ ہیر سنگھار نہ صرف کینسر کے مرض میں مبتلا ہیں بلکہ سابق شوہر اور قبضہ گروپ سے اپنا گھر اور بچوں کا حق لینے کی جنگ بھی لڑ رہی ہیں، انہیں علاج کیساتھ انصاف کی بھی ضرورت ہے، حکومت دادرسی کرے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں