63

جموں و کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹر نیشنل نے ہفتہ یکجہتی کشمیر مہم کا آغاز

بریڈ فورڈ (اے ایف بی) جموں و کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹر نیشنل نے ہفتہ یکجہتی کشمیر مہم کا آغاز کر دیا، ہفتہ یکجہتی کشمیر کے تحت برطانیہ بھر میں تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا، یکجہتی کشمیر تقریبات میں ممبران پارلیمنٹ کی خصوصی شرکت کو یقینی بنایا جائے گا۔ پہلی تقریب بریڈ فورڈ میں یکم فروری کو ہو گی جس میں شیڈ و وزراء بیرسٹر عمران حسین،ناز شاہ، جیوڈتھ کمنز، ممبر یورپی پارلیمنٹ امجد بشیر اور دیگر شریک ہوں گے، تحریک حق خود ارادیت کے چئیرمین راجہ نجابت حسین بریڈ فورڈ کے علاوہ لندن میں بھی ممبران پارلیمنٹ سے ملاقاتیں کر کے انہیں یکجہتی کشمیر تقریبات میں شرکت اور حق خود ارادیت کی حمایت کے لیے کردار ادا کرنے کی دعوت دیں گے۔ بریڈ فورڈ میں ایک خصوصی مشاورتی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ برطانیہ بھر میں ہر شہر میں یکجہتی کشمیر کی تقریب منعقد کی جائے گی جس میں ہر مکتبہ فکر کے کشمیری و پاکستانیوں کو شرکت کی دعوت دی جائے گی تاکہ قومی یکجہتی کے ذریعے سے واضح پیغام دیا جا سکے۔ ہر شہر میں کونسلر و مئیرز اور ممبران پارلیمنٹ کو امادہ کیا جائے گا کہ وہ 4فروری کی کشمیر کانفرنس میں شریک ہو کر پاکستان کے وزیر خارجہ کو واضح پیغام دیں کہ برٹش کشمیری و پاکستانی مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے حکومت پاکستان کے ساتھ ہیں۔ لہذا پاکستانی حکومت کو پہلی فرصت میں مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ میں پیش کر کے عالمی برادری کو ہمنوا بنانا ہو گا۔ اس موقع پر تحریک حق خود ارادیت انٹر نیشنل کے چئیرمین راجہ نجابت حسین نے کہا کہ ہماری تنظیم برطانیہ و یورپی پارلیمنٹ کے کشمیر دوست گروپوں، ممبران، شیڈو وزراء کی شرکت و تعاون سے یکجہتی کشمیر کی تقریبات منعقد کرانے کا پروگرام ترتیب دیا ہے۔کشمیر سالیڈیرٹی فورم کے پروگھرام سے بھی مکمل اتفاق کریں گے اور لندن میں 4اور 5فروری کے پروگرامات میں ہر سطح پر تعاون کریں گے۔ ہماری کوشش ہو گی ان پروگرامات میں ہمارے دوست ممبران پارلیمنٹ بھی شریک ہوں۔ اسی طرح فروری کے پورے مہینے میں برطانیہ و یورپ میں کشمیر کلچر ل پروگرام بھی ترتیب دیے جا رہے ہیں جن میں کشمیر کے دونوں اطراف سے کشمیری لیڈرشپ بھی شریک ہو گی۔ تحریک کی خواتین رہنماء ملک بھر میں خواتین اور نوجوانوں کو ان پروگرامارت میں شریک کروائیں گی۔ اس موقع پر تحریک حق خود ارادیت کے سرپرست اعلیٰ سردار عبد الرحمن خان نے کہا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ یوم یکجہتی کشمیر پانچ فروری کو برطانوی پارلیمنٹ کے اندر اور باہر منایا جائے گا جس کے لیے تمام پاکستانی و کشمیری متحد ہیں۔ ہر شخص اورتنظیم کو بلا امتیاز سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر تمام پروگراموں میں شریک ہو کر ان کی کامیابی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہئیے۔پاکستان تحریک انصاف برطانیہ کے مرکزی ترجمان آصف خان نے کہا کہ لندن اور دیگر شہروں میں متعدد اجلاسوں کے بعد یہ طے کیا گیا کہ 5فروری کا مظاہرہ کشمیر سالیڈیریٹی فورم کے پلیٹ فارم سے کیا جائے گا جس میں تمام کشمیری و پاکستانی جماعتوں اور تنظیموں کی نمائندگی ہو گی اور ہم پاکستانی وزیر خارجہ کی لندن میں موجودگی میں بھرپور مظاہرہ کر کے برطانوی حکومت کے ذریعے بھارت کو ایک واضح پیغام بھیجیں گے کہ پاکستانی عوام اور حکومت اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں۔ اس موقع پر سابق لارڈ مئیر بریڈ فورڈ راجہ غضنفر خالق نے کہا کہ وہ برطانیہ بھر کے مئیرز، کونسلروں اور کمیونٹی رہنماؤں سے رابطہ کر کے انہیں پانچ فروری کے مظاہرے میں شرکت پر امادہ کریں گے اور لیبر ارکان پارلیمنٹ کی شرکت کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔ کشمیر سوسائٹی یارکشائر کے چئیرمین راجہ اشتیاق احمد نے کہا کہ ان کی تنظیم اپنے اپنے علاقوں سے کشمیریوں کو مظاہرے میں شریک کروائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں